لاہور: بی جے پی رہنما اور معروف اداکارشتروگھن سنہا کے صاحبزادے کی شادی میں سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی صاحبزادی اوران کی منہ بولی بہن زین ضیاء سمیت قریبی دوست شریک نہ ہوسکے۔
بالی ووڈاسٹارکی جانب سے پاکستان میں اپنے قریبی دوستوں کو باقاعدہ دعوت نامے بھی بھجوائے گئے تھے لیکن کوئی بھی شادی میں شریک نہ ہوا۔ پاکستان میں شتروگھن سنہا کے قریبی دوستوں نے انھیں فون پر مبارکباد اورنیک تمناؤں کااظہار کیا ہے لیکن ان کی جانب سے شادی میں شرکت نہ کرنے پراپنے قریبی حلقہ احباب سے ناراضی کا اظہارکیا گیا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اوربھارت میں جاری کشیدگی کے باعث شتروگھن سنہا کی جانب سے بہت ہی کم لوگوں کو شادی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سمیت بالی وڈاسٹارز میں امیتابھ بچن، ہیمامالنی، جیا بچن، ایشوریہ ، پونم ڈھلون، ابھیشک، منیش ملہوترا، میکا سنگھ ،مکیش امبانی، ٹیناامبانی اورنیتا امبانی بھی شریک ہوئے۔