لاہور: پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار کہتے ہیں کہ معیاری کہانی کی حامل بھارتی فلم اور ٹی وی سیریل میں کام کرنا ان کی خواہش ہے لیکن اس کے لئے وہ بولڈ مناظرعکسبند نہیں کراسکتے۔
بھارتی ویب سائیٹ میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈرامہ وہاں کی فلموں سے متاثر ہے جہاں حقیقت سےعاری ایک خیالی دنیا دکھائی جاتی ہے۔ اچھے ڈرامے کے لئے یہ ضروری نہیں کہ اس کا موضوع قتل و غارت گری یا محبوب کی بے وفائی ہو، اس کے بغیر بھی اچھی کہانی اور معیاری ڈرامہ پیش کیا جاسکتا ہے، پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی کہانی حقیقت پر مبنی ہوتی ہے، یہی اس کی مقبولیت کا اصل راز ہے، بھارتی ٹی وی پروڈیوسر کو بھی چاہیئے کہ وہ پاکستانی ڈراموں سے سیکھیں۔
پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے کہانی کا جاندار ہونا بہت ضروری ہے، اس کے علاوہ بھارتی اسکرین پر رومانوی مناظر بڑے بے باک انداز میں عکسبند کرائے جاتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ میکال ذوالفقار پاکستانی ڈراموں کے علاوہ چند ایک بھارتی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں جن میں ان کے کام کو سراہا گیا تھا۔