کراچی: سینئراداکار طلعت حسین نے کہاہے کہ معاشرے میں تبدیلی تعلیم کے ذریعے لائی جاسکتی ہے دوسراکوئی راستہ مجھے دکھائی نہیں دیتا‘ ہمیں اپنے بچوں کوتعلیم کے میدان میں آگے لانا ہوگا‘ تعلیم انسان میں بنیادی شعورپیداکرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانھوں نے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بنیادی طور پر مسئلہ عدم اعتماد کا ہے لوگوں کواعتماد دینا ہوگا اور یہ حکومت کا فرض ہے کہ پاکستان کے عوام کو ہر سطح پر سپورٹ کرے۔ ایک سوال کے جواب میں طلعت حسین کا کہنا تھا کہ مجھے اپنا ماضی یاد آتا ہے ہم نے انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزارا ہے اور بہت کچھ سیکھنے کے مواقع میسر آئے، میں آج بھی شوبز انڈسٹری کی اس ہی جذبے کے ساتھ خدمت کرنا چاہتا ہوں جس طرح 30 برس قبل کی ہے اور آج بھی نئے لوگوں کو سپورٹ کرتا ہوں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہوسکیں کیونکہ ہمیشہ نیا آنے والا اپنے سینئرز سے سیکھتا ہے اور ہم پر بھی یہ وقت آیا اور ہمارے سینئرز نے ہمارے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے۔