لاہور: معروف پاپ اسٹارعلی حیدرکے صوفیانہ کلام پرمبنی البم ’’ رب رنگ ‘‘ کی میوزک چینل چارٹس پرشہرت کو دیکھتے ہوئے معروف بھارتی میوزک کمپنی نے اسے انڈیا سمیت دیگر ممالک میں لانچ کرنے کے لیے رابطہ کرلیا۔
گزشتہ روز مقامی کمپنی کی جانب سے علی حیدر سے فون پرالبم کوریلیز کرنے کی پیشکش کااظہارکیا گیا ہے ، تاہم علی حیدر کی جانب سے فی الحال حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔علی حیدرنے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ حضرت شہباز قلندر کے سالانہ عرس کی مناسبت سے تیار کیے جانے والے اس البم کو زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ ایک طرف میوزک چینلزکے چارٹس پرمیرے گیت پسند کیے جارہے ہیں تودوسری جانب سوشل ویب سائٹس پربھی زبردست رسپانس سامنے آیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کی ایک معروف میوزک کمپنی نے میرے البم کی کامیابی کے چرچے سُننے کے بعد مجھے یہ پیشکش کی ہے کہ وہ میرا البم بھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک میں ریلیز کرناچاہتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم جلد ہی معاملات کوحتمی شکل دینگے۔