کسی سوشل ویب سائٹ پر بنایا جانے والا پیج یا اکاؤنٹ اپنے بنانے والے کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے، جس پر اس اکاؤنٹ یا پیج کے مالک کی طرف سے کی جانے والی پوسٹس اور اس کے اسٹیٹس اس کے رجحانات اور مختلف شخصی پہلوؤں کو ظاہر کرتے ہیں۔
دنیا کی دوسری سب سے بڑی فلمی صنعت بولی وڈ کے گگن پر چمکتے ستارے مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اپنے پیج اور اکاؤنٹ نہ صرف بناتے ہیں بل کہ ان میں سے بہت سے ان سائٹس پر متحرک بھی رہتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنے پرستاروں سے وابستہ رہتے ہیں، مگر ساتھ ہی یہ اکاؤنٹس اور پیج ان کی شخصیت کے بہت سے پہلو بھی سامنے لے آتے ہیں۔ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ انسٹاگرام (Instagram) پر موجود پانچ معروف بھارتی ہیروئنز کے اکاؤنٹ بھی ان کی شخصیت کے بہت سے راز کھولتے ہیں۔ آئیے ان خوب صورت اداکاراؤں کے اکاؤنٹس پر ایک نظر ڈال کر ان کی شخصیت کے کچھ پہلو جانیں:
جیکولین فرنانڈس:
JACQUELINE FERNANDEZ @jacquelinejf2
اداکاراؤں کے اس گروپ میں جیکولین فرنانڈس شاید سب سے زیادہ متحرک ہے۔ وہ اپنے ہر روز کے پُرلطف لمحات اور مصروفیات کی تصویریں پوسٹ کرتی ہے۔ حال میں اس نے جو وڈیو پوسٹ کی ہے اس میں وہ ایک دوست کے ساتھ روئی کی گیندوں سے کھیلتی نظر آتی ہے۔
پریانکا چوپڑا
PRIYANKA CHOPRA @priyankachopra
بھارتی فلمی صنعت کی یہ بہ صلاحیت اور خوب رو اداکارہ اپنی مختلف تصویریں تو پوسٹ کرتی ہی ہے، ساتھ ہی وہ اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لیے اور تفریح کے لیے جہاں جہاں جاتی ہے وہاں کے دل کش مناظر کی تصاویر کھینچ کر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بناتی ہے۔ پریانکا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی جانے والی اس کی پوسٹ اس کی ’’موڈی پرسنالیٹی‘‘ کا پتا دیتی ہیں۔ جب یہ مناظر نہیں ہوتے تو اس کی اپنی تصاویر دیکھنے والوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکاؤنٹ پر موجود ہوتی ہیں۔
سونم کپور:
SONAM KAPOOR @sonamkapoor
یہ نازک اندام اداکارہ فیشن کوئن کے طور پر جانی جاتی ہے، چناں چہ سونم کپور کے اکاؤنٹ پر اس کے وارڈروب میں موجود قیمتی، خوب صورت اور منفرد ملبوسات کی تصاویر نظر آتی ہیں۔ ساتھ ہی وہ ان ملبوسات کے برانڈ کی تفصیلات بھی دیتی ہے۔ تاہم سونم کپور کی طرف سے تصاویر پوسٹ کرنے کا سلسلہ صرف اپنے ملبوسات تک محدود نہیں، وہ اپنی فلموں کے سیٹس سے لے کر جن مقامات پر تفریح کے لیے جاتی ہے یا جن شادیوں میں شرکت کرتی ہے، ان کی تصاویر بھی پوسٹ کرتی ہے۔ تصاویر کے ساتھ وہ مختلف متاثر کن اقوال اور حوالے بھی شیئر کرتی رہتی ہے۔
نرگس فخری
NARGIS FAKHRI @nargilove
یہ دل کش اداکارہ بھی اپنے انسٹاگرام پر اپنی تصویریں بھرپور طریقے سے پوسٹ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ نرگس فخری کھانوں سے متعلق تصاویر بھی پوسٹ کرتی ہے۔ نرگس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آپ کو اس کی میک کرتے ہوئے بنائی گئی وڈیوز اور اس کے دوستوں اور اہل خانہ کی طرف سے بھیجی گئے تحفوں کی تصاویر نظر آئیں گی۔
سونا کشی سنہا
SONAKSHI SINHA @aslisona
سلمان خان کے ساتھ فلم ’’دبنگ‘‘ سے اپنے کیریر کا آغاز کرکے کام یابی کے سفر پر گامزن سونا کشی سنہا نے کچھ عرصہ قبل ہی انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی اس کی تصاویر دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ اسے بتائے بغیر اچانک بنائی گئی ہیں، جن میں اس کے چہرے پر حیرت نظر آتی ہے۔ یہ تصاویر اس کی شخصیت میں مزاح کے پہلو کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کی یہ تصاویر دیکھنے والے کو مسکرانے پر مجبور کردیتی ہیں۔